نئی دہلی (ویب ڈیسک) آن لائن محبت کو پانے کے لیے پاکستان سے اپنے بچوں سمیت نیپال کے راستے بھارت پہنچنے اور پھر سچن مینا نامی نوجوان سے شادی کرنیوالی سیما حیدر پانچویں بچے کی ماں بن گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا کے کرشنا ہسپتال میں سیما حیدر نے منگل کی صبح سچن مینا کی اولاد بیٹی کو جنم دیا ہے۔ سیما حیدر کے اپنے پہلے شوہر غلام حیدر سے 4 بچے ہیں جبکہ اپنے بھارتی شوہر سچن مینا سے یہ ان کی پہلی اولاد ہے۔
سچن مینا کے اہل خانہ نے بیٹی کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور بتایا ہے کہ سیما اور نومولود بچی دونوں صحت مند ہیں، جَلد ہی ہسپتال سے انہیں ڈسچارج کر دیا جائے گا۔
سیما کے وکیل اے پی سنگھ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ماں اور بچی کے تمام میڈیکل رپورٹس نارمل آئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لمحہ سیما اور سچن کے چاہنے والوں کے لیے ایک خوشی کا موقع ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جوڑے نے اپنی بیٹی کا نام رکھنے کے لیے عوام کی رائے لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے لوگ سیما اور سچن کی بیٹی کیلئے نام تجویز کریں۔
دوسری جانب خاندانی ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں باقاعدہ ایک تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، سیما اور سچن اپنے نومولود بچی کے لیے بھارتی شہریت کی درخواست دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یادرہے کہ 2023ء میں سیما حیدر اپنے 4 بچوں سمیت نیپال کے راستے غیر قانونی طور پر بھارت اپنی آن لائن محبت یعنی سچن کے پاس چلی گئی تھی۔سیما حیدر کا اپنے پہلے شوہر سے 8 سالہ بیٹا فرحان علی اب راج، 6 سالہ بیٹی فروا اب پریانکا، 4 سالہ بیٹی فریحہ بتول اب منی اور فرح اب پری کہلاتی ہے۔
گزشتہ برس سیما کے پاکستانی شوہر غلام حیدر نے ایک بھارتی وکیل کے ذریعے نوئیڈا کی فیملی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں سچن مینا کے ساتھ سیما کی شادی اور اپنے بچوں کا مذہب تبدیل کرنے کو چیلنج کیا تھا۔



