کوئٹہ (ویب ڈیسک )بلوچستان حکومت نے ڈیڑھ صدی پرانی لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کا فیصلہ کرلیاہے جو صوبے میں 82 فیصد علاقے میں امن وامان کی ذمہ دارتھی۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے ایک انٹرویو میں تصدیق کی کہ لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اعلی عسکری اور سول قیادت کے مابین متعدد اجلاسوں کے بعد کیا گیا ہے، جس کا مقصد سول فورسز کی استعداد بڑھا کر عسکریت پسندی کے خلاف جنگ میں ان کے کردار کو مضبوط بنانا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری طور پر لیویز کے انضمام کے لیے اب تک کوئی کارروائی شروع نہیں ہوئی، تاہم آئندہ آنے والے دنوں میں اس سلسلے میں حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ اس سے پہلے 2003 میں فوجی حکمران پرویز مشرف کے دور میں بھی لیویز فورس کو پولیس میں ضم کیا گیا تھا لیکن 2010 میں نواب اسلم رئیسانی کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے اسے دوبارہ بحال کر دیا تھا۔



